ٹرینرز کی دکھ بھری کہانیوں میں سے ایک اقتباس یہ ہے کہ جو بھی ٹرینر باقاعدہ ٹریننگ دینے کے ساتھ ساتھ مینٹورشپ بھی فراہم کرتا ہے، اُسے درحقیقت دو کورسز کروانے پڑتے ہیں۔ پہلا کورس وہ ہوتا ہے جو اس نے آن لائن، لائیو ٹریننگ یا ریکارڈڈ لیکچرز کی صورت میں مکمل طور پر تیار کر کے کروایا ہوتا ہے۔ دوسرا کورس وہ ہوتا ہے جو اُسے ہر طالب علم کو علیحدہ علیحدہ واٹس ایپ میسجز کے ذریعے کروانا پڑتا ہے، کیونکہ اکثر طلبہ وہی سوالات بار بار پوچھتے ہیں جو کورس کے اندر پہلے ہی تفصیل سے سمجھائے جا چکے ہوتے ہیں۔ اکثر طلبہ توجہ سے کورس نہیں دیکھتے، یا ویڈیوز کو بار بار آگے بڑھا کر جلدی جلدی دیکھ لیتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ تو بات سمجھ میں آتی ہے اور نہ ہی فوکس قائم رہتا ہے۔ نتیجتاً وہ وہی سوالات دوبارہ پوچھتے ہیں۔ یوں ٹرینر کو پورا کورس ایک مرتبہ پھر سوال و جواب کی صورت میں بھی کروانا پڑتا ہے۔ آخر میں تمام طلبہ سے گزارش ہے کہ اگر آپ وہی ٹریننگ ویڈیو دوبارہ دیکھ لیں تو عموماً وہی سوالات کے جواب آپ کو خود بخود ٹریننگ کے اندر ہی مل جاتے ہیں، جو آپ بعد میں واٹس ایپ پر ٹرینر سے پوچھنے والے ہوتے ہیں۔ اگر کورس ایک دفعہ سمجھ نہ آئے تو اسے دوسری مرتبہ دیکھیں، تیسری مرتبہ دیکھیں، بلکہ بار بار ویڈیوز دیکھ کر سیکھنے کی کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ صرف ویڈیو دیکھنا کافی نہیں ہوتا، بلکہ ساتھ ساتھ پریکٹس کرنا اور دی گئی ہدایات کو فالو کرنا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ پریکٹس نہیں کرتے اور سیکھے گئے اسباق کو عملی طور پر لاگو نہیں کرتے، تو پھر کچھ بھی صحیح طور پر سمجھ میں نہیں آتا۔ اسی طرح یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ اگر آپ ٹرینر کو میسج کرتے ہیں اور فوری جواب نہیں آتا، تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ کام روک کر بیٹھ جائیں اور ٹرینر کے جواب کا انتظار کریں۔ سیکھنے کا بہتر اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ آپ خود ریسرچ کریں۔ انٹرنیٹ پر سرچ کریں، گوگل کا استعمال کریں، کیونکہ اکثر مسائل کے حل وہاں پہلے سے موجود ہوتے ہیں۔ اگر گوگل سے بھی بات واضح نہ ہو تو آپ ChatGPT سے مدد لے سکتے ہیں، جہاں آپ کو کافی حد تک واضح اور مفید رہنمائی مل سکتی ہے۔ اسی طرح یوٹیوب پر بھی بے شمار ٹیوٹوریل ویڈیوز موجود ہیں جو مختلف مسائل کا عملی حل فراہم کرتی ہیں۔ اس طریقے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ ٹرینر پر مکمل طور پر ڈیپینڈنٹ نہیں رہتے، بلکہ خود سیکھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ کل کو جب کوئی نئی ٹیکنالوجی آئے، کوئی نیا ٹول متعارف ہو یا اپڈیٹس آئیں، تو آپ انہیں بآسانی سیکھ سکتے ہیں۔