📌 طلبہ اور نئے ڈیزائنرز کے لیے ایک اہم رہنمائی
میں اکثر اپنے اسٹوڈنٹس سے یہ سوال سنتا ہوں، اس لیے آج اسے واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں:
کسی بھی فری ویکٹر ویب سائٹ سے ڈاؤنلوڈ کیا گیا بنڈل، ٹی شرٹ ڈیزائن، پلینرز، یا پیٹرن اگر آپ فری میں ڈاؤنلوڈ کرتے ہیں اور پھر اسے اپنے نام سے Etsy یا کسی اور پلیٹ فارم پر فروخت کے لیے اپلوڈ کرتے ہیں تو یہ غلط بھی ہے اور اسلامی طور پر حرام بھی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ڈیزائن آپ کا اپنا بنایا ہوا نہیں ہوتا بلکہ کسی اور کا آرٹ ورک ہوتا ہے۔ کسی اور کی محنت کو اپنے نام سے بیچنا نہ اخلاقی طور پر درست ہے اور نہ ہی دینی اعتبار سے جائز۔
اگر آپ Creative Fabrica، Freepik اور اس جیسی دوسری ویب سائٹس کی پالیسیز پڑھیں تو صاف لکھا ہوتا ہے: ✔️ آپ ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں
❌ لیکن براہِ راست آگے سیل نہیں کر سکتے
اب یہاں ایک بہت اہم بات سمجھ لیں:
انسپائریشن اور کاپی میں واضح فرق ہوتا ہے۔
انسپائریشن کا مطلب ہے کسی آئیڈیا سے سیکھنا، اس سے رہنمائی لینا، اور پھر اس آئیڈیا کو اپنے انداز، اپنی سوچ اور اپنی محنت سے نیا اور بہتر ڈیزائن بنانا۔
جبکہ کاپی کا مطلب ہے کسی کا ایگزیکٹ ڈیزائن جوں کا توں اٹھا لینا (as it is) اور بغیر کسی تبدیلی کے آگے سیل کرنا۔
ایک استاد ہونے کے ناطے میرا اپنے تمام اسٹوڈنٹس کو یہی مشورہ ہے: حلال کمائی چاہتے ہیں تو خود ڈیزائن بنائیں، انسپائریشن لیں، کاپی نہ کریں، اور ہمیشہ لائسنس اور پالیسی کے مطابق کام کریں۔
دیانت داری ہی وہ چیز ہے جو آپ کے کام میں برکت لاتی ہے۔